حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنو: شہادت حسین اسرار الہی میں سے ایک راز ہے، یہ ایسا غم ہے جس میں زمین و آسمان اور وہ مخلوق جو اس کے مابین ہے سب گریہ کرتے ہیں۔ چاہے اس مخلوق کو دیکھا جا سکتا ہو یا نہیں۔ ان خیالات کا ظہار عزاخانہ مولانا سید ابن حیدر واقع توپ دروازہ میں منعقد ہونے والی مجلس کو خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد میاں عابدی قمی نے کیا۔
انھوں نے کہا کہ ہر شئے کے لئے رزق ضروری ہے اور غم حسین قلب مومن کے لئے رزق ہے، ہر مومن کا دل غم حسین سے پر ہے اسی لئے وہ شخص جو حسین کے غم سے دل کو بھر لیتا ہے وہ گناہ سے پاک ہوجاتا ہے کیونکہ پھر اسے خواہش دنیا نہیں ہوتی۔
مولانا نے فرش عزا کی فضیلت بیان کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی عزادار اس لئے فرش عزا نہیں بچھاتا کہ اسے کچھ چاہئے بلکہ اس کے لئے فرش عزا ہی سب کچھ ہے ہاں اس کے طفیل میں اس میں جو نقائص ہیں وہ البتہ دور ہو جاتے ہیں۔
مولانا نے مختصر سے مصائب بیان کئے جس سے مجمع پر رقت طاری ہو گئی۔ مجلس کا آغاز صادق رضا نے تلاوت کلام قرآنی سے کیا جب کہ مدح مولا میں منظوم کلام اعجاز حیدر نے پیش کئے۔